اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ڈیجیٹل اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ اجلاس کے دوران چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے نادرا نے ادارے کی کارکردگی اور جاری و آئندہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔وزیر داخلہ نے نادرا کی کارکردگی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کی فوری شناخت یقینی بنائی جائے اور انہیں نیشنل ڈیٹا بیس سے خارج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا میں نادرا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے، گزشتہ دو برسوں میں نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔محسن نقوی نے عوامی سہولت کیلئے مزید جدید خدمات متعارف کرانے اور بڑے شہروں میں نادرا کے جدید دفاتر اپنی ملکیتی زمین پر تعمیر کرنے کی ہدایت بھی دی، اس حوالے سے ماسٹر پلان طلب کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے نادرا نے متعدد اقدامات کیے ہیں جبکہ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے چہرے کی تصویر سے تصدیق کے نظام کے مثر نفاذ کے لیے دیگر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔