چین کے صوبے چنھگائی میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جب مشہور ییلو ریور پر زیرِ تعمیر پل کا درمیانی حصہ اچانک گر گیا۔ اس افسوسناک واقعے میں اب تک 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 4 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پل کی تعمیر کے دوران اسٹیل کیبل ٹوٹ گئی، جس کے نتیجے میں پل کا درمیانی ڈھانچہ زمین بوس ہو کر سیدھا دریا میں جا گرا۔چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت تعمیراتی مقام پر 15 مزدور اور ایک پروجیکٹ مینیجر موجود تھے۔ ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 7 بتائی گئی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعداد بڑھ کر 12 تک جا پہنچی۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے لاپتا 4 افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔مقامی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن میں پولیس، فائر بریگیڈ اور غوطہ خوروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔