سرنڈر کرنے پر درخواست گزاروں کے تمام حقوق محفوظ رہیں گے:جسٹس خالد اسحاق کے ریمارکس
لاہور(آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کے متعلق مزید دلائل طلب کرلیے۔جسٹس خالد اسحاق نے سابق ایم پی اے احمد خان بچر اور سابق ایم این اے محمد احمد چٹھہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل شہزاد شوکت ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی اپیلیں فکس نہیں ہو رہیں، اگر ہائیکورٹ آفس سماعت کے لیے مقرر کردے تو وہ وہاں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔جسٹس خالد اسحاق نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار اگر سرنڈر کردیں تو ان کے تمام حقوق برقرار رہیں گے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔ تاہم جسٹس خالد اسحاق نے واضح کیا کہ اس وقت ان کے سامنے حفاظتی ضمانت کا کیس موجود نہیں ہے۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر ضمنی الیکشن بھی ہو جائیں تو یہ درخواستیں غیر مؤثر نہیں ہوں گی۔ وکیل شہزاد شوکت نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کوشش کریں گے کہ ان کے مؤکل عدالت میں پیش ہو جائیں۔