لاہور: پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے حالیہ انٹرویو میں اپنی عمر اور خود سے محبت (سیلف لو) کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے مثبت پیغام دیا ہے۔
نادیہ جمیل، جو دھوپ میں ساون، میرے پاس پاس، دمسا، درِ شہوار، مجھے جینے دو اور جو بچھڑ گئے جیسے ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کے لیے پہچانی جاتی ہیں، حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف تجربات شیئر کیے۔گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ “میں اس سال 54 برس کی ہو جاؤں گی اور مجھے اپنی عمر پر فخر ہے۔ میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میں اس عمر تک پہنچی، کیونکہ آج کے دور میں عمر کا بڑھنا بھی ایک کامیابی ہے۔”انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خود سے محبت کرنا سیکھنا چاہیے اور اپنی ذات کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنا چاہیے۔
ان کے مطابق انسان کی اصل ضرورت محبت ہے، جو بالآخر خدا ہی پوری کرتا ہے۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ رشتے ضرورت کے بجائے محبت اور احترام کی بنیاد پر قائم ہونے چاہئیں، اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب انسان خود کو عزت اور اہمیت دے۔نادیہ جمیل کے اس مثبت اور حوصلہ افزا پیغام کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں مداح ان کی سوچ اور اعتماد کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔