روسی سفیر کو وزیر اعظم جارجیا میلونی کی توہین پر طلب کیا گیا

روسی سفیر کو وزیر اعظم جارجیا میلونی کی توہین پر طلب کیا گیا

روس اور اٹلی کے درمیان سفارتی کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب روسی ٹی وی پر اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کے خلاف سخت اور توہین آمیز ریمارکس سامنے آئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی ٹی وی پریزنٹر ولادیمیر سولووف نے ایک پروگرام کے دوران اٹلی کی وزیرِ اعظم کے بارے میں انتہائی سخت الفاظ استعمال کیے، جن میں انہیں توہین آمیز انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ان ریمارکس کے بعد اٹلی کی حکومت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے روسی سفیر الیگزے پارامونوف کو وزارتِ خارجہ میں طلب کیا اور باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔اٹلی کے وزیرِ خارجہ انطونیو تاجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ روسی میڈیا پر کیے گئے یہ ریمارکس ناقابلِ قبول اور انتہائی جارحانہ ہیں۔

اٹلی میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کے سربراہِ حکومت کے خلاف اس نوعیت کی زبان سفارتی آداب کے منافی ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپ اور روس کے تعلقات پہلے ہی مختلف سیاسی اور عالمی تنازعات کے باعث کشیدہ ہیں، اور یہ نیا تنازع دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ کو مزید بڑھا سکتا ہے۔