اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا خطہ ایک نازک مرحلے پر پہنچ چکا ہے اور امن کا ایک کمزور موقع موجود ہے جسے سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔
اطالوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے جارجیا میلونی نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی جائے گی اور تمام فریقین کو کشیدگی کم کرنے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اٹلی اور یورپی یونین کے لیے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کی بحالی انتہائی اہم مفاد ہے کیونکہ یہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔اطالوی وزیرِاعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ کا بحران دوبارہ شدت اختیار کرتا ہے تو یورپ کو اسٹیبلٹی اینڈ گروتھ پیکٹ کی عارضی معطلی پر بھی غور کرنا پڑ سکتا ہے تاکہ معاشی دباؤ اور ممکنہ اثرات سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ کشیدگی مزید نہ بڑھے۔