اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ ایسی صلاحیت یورپ کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
اطالوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا اطالوی سینیٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو اس نوعیت کی عسکری صلاحیت حاصل ہو گئی تو اس کے میزائل براہِ راست اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کو نشانہ بنانے کے قابل ہو سکتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے ایران کے جنوبی علاقے میں ایک گرلز اسکول پر ہونے والے حملے کی بھی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر یورپی ممالک خلیجی ریاستوں کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں خلیجی ممالک کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ حملے میں ایک گرلز اسکول کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں کم از کم 170 افراد شہید ہوئے تھے جن میں بڑی تعداد طالبات کی بتائی جا رہی ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔