لاہور میںمارکیٹوں کی سکیورٹی، ٹریفک اور پولیس سے متعلقہ مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں بلال صدیق کمیانہ سے مجاہد مقصود بٹ کی قیادت میں 30 رکنی تاجر وفد نے ملاقات کی، جس میں مارکیٹوں کی سکیورٹی، ٹریفک اور پولیس سے متعلقہ مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران تاجر برادری اور پولیس کے درمیان روابط اور بہتر کوارڈینیشن کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفد کے سربراہ مجاہد مقصود بٹ نے جرائم کی روک تھام میں لاہور پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے وفد کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ایس ایس پی (آپریشنز) کو ہدایت دی کہ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویڑنل ایس پیز اور تاجروں کے درمیان باقاعدہ میٹنگز کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کاروباری اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا جبکہ اہم مارکیٹوں میں سکیورٹی گارڈز کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں کنٹینرز کی بروقت ان لوڈنگ مکمل کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس بزنس کمیونٹی کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کی فوری داد رسی اور پولیس کے پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ باڈی کیم اور پینک بٹن کے ذریعے پولیس کے رویے کی مؤثر مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔آخر میں تاجر برادری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔