سندھ طاس معاہدے کی معطلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ، ایاز صادق

پاکستان کو  معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر بھرپور ردعمل دینے کا حق ہے :سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (آن لائن)  سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہونے پر بھارت کے کردار کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں کا ملبہ مسلسل پاکستان پر ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے من گھڑت اور جھوٹے واقعات ایک پست ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں مکروہ مقاصد کے حصول کے لیے معصوم جانوں کو بھی داؤ پر لگا دیا جاتا ہے۔ یہ  اقدامات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کے مترادف ہے، جس سے پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر بھرپور ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔اسپیکر نے اس موقع پر بتایا کہ شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے فوراً بعد بھارت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، اور پاکستان آج بھی اس مؤقف پر قائم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھاری سیکیورٹی کی موجودگی میں ایسے واقعے کا پیش آنا بھارت کے لیے باعثِ شرمندگی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سردار ایاز صادق نے 9 مئی 2025 کو پاکستانی افواج کی جانب سے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حوالہ دیتے ہوئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔