اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے ) نے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ادویات کی غیر قانونی تشہیر اور فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ ذرائع کے مطابق ادویات فروخت کرنے والی 2 سے 3 ویب سائٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے ، جن میں سے بعض نے نوٹس کے بعد متعلقہ مواد ہٹا دیا ہے، تاہم جن ویب سائٹس نے ہدایات پر عمل نہیں کیا، انہیں بلاک کئے جانے کا امکان ہے۔پی ٹی اے کے مطابق سوشل میڈیا اور ویب سائٹس کے ذریعے ادویات کی غیر قانونی فروخت پر متعلقہ کمپنیوں کو مواد ہٹانے کی درخواست کی جاتی ہے، اور تقریبا 90 فیصد کمپنیاں ہدایات پرعمل کرتے ہوئے مواد ہٹا دیتی ہیں۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ )نے بھی پی ٹی اے کو غیر قانونی ادویات فروخت کرنے والی ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی، ڈریپ کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے خطرہ ہے۔ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن غیر قانونی فروخت پر پابندی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔