آن لائن ادویات بیچنے والی متعدد ویب سائٹس بلاک کرنے کا فیصلہ

خاص طور پر جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے؛ ترجمان ڈریپ
 اسلام آباد (یواین پی) ملک میں آن لائن ادویات فروخت کرنے والی متعدد ویب سائٹس بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے آن لائن ادویات کی غیر قانونی تشہیر اور فروخت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، اس ضمن میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈریپ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے متعدد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کو بلاک کرنے کی درخواست کردی۔ترجمان ڈریپ کا کہنا ہے کہ مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر بغیر نسخے کے ادویات کی تشہیر اور فروخت جاری ہے جو قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، خاص طور پر جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے، سوشل میڈیا پر چلنے والے اشتہارات لوگوں کو خود علاج کی طرف راغب کر رہے ہیں، جو مزید خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ڈریپ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اور ایران سے سمگل شدہ ادویات بھی آن لائن فروخت کی جا رہی ہیں، غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے کیوں کہ غیر معیاری ادویات ناصرف مضر اثرات کا باعث بن سکتی ہیں بلکہ جان لیوا پیچیدگیوں کو بھی جنم دے سکتی ہیں، ادویات کی کسی بھی قسم کی تشہیر کے لیے پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔