اسرائیل سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، 8 عرب اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرئیل کی مذمت کی ہے‘فلسطینیوں کی حمایت جاری رہے گی
اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر کنٹرول بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسرائیلی اقدامات واپس لئے جائیں:سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب
نیویارک(یواین پی‘آن لائن )نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے غزہ کی تعمیرنو اور انسانی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے۔سلامتی کونسل کے اجلاس سے اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیز فائر کو جاری رکھنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہاکہ اسرائیل سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، 8 عرب اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرئیل کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سیز فائر کا احترام کیا جانا چاہیے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ مستقل امن کے لیے باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری ضروری ہے‘انہوں نے کہا اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارہ پر کنٹرول بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسرائیلی اقدامات فوری طور پر روکے اور واپس لیے جائیں۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مضبوط حمایت جاری رہے گی