اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی اسلام آباد رہائشگاہ پر حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گورنر خیبر پختونخوا کی میزبانی میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کی، اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن سے رانا ثناء اللہ، امیر مقام، سردار محمد یوسف، خواجہ سعد رفیق، مرتضٰی جاوید عباسی نے شرکت کی۔پاکستان پیپلز پارٹی سے صوبائی صدرمحمد علی شاہ باچا، صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع خانزادہ، رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اجلاس میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں بدامنی، معاشی بحران اور سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔