واشنگٹن/اسلام آباد:امریکی کانگریس کے رکن جیک برگمین نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جیک برگمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کے حالیہ دورے اور مختلف پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد وہ ایک بار پھر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کی شراکت داری جمہوریت، انسانی حقوق اور معاشی خوشحالی جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔ "آئیے آزادی اور استحکام کے لیے ایک ساتھ کام کریں،" برگمین نے اپنے پیغام میں لکھا۔ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے برگمین نے اپریل کے وسط میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کی ملاقاتیں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ہوئیں۔
تاہم، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے برگمین پر تنقید کی جا رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر وہ واقعی عمران خان کی رہائی کے حامی تھے، تو انہیں پاکستانی قیادت سے ملاقات کے دوران اس مطالبے کو واضح طور پر پیش کرنا چاہیے تھا۔جیک برگمین کے اس بیان کو پاکستان کی سیاسی فضا میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عمران خان متعدد مقدمات میں قید ہیں اور ان کی جماعت مختلف چیلنجز سے دوچار ہے۔