اکلوتا بیٹا ایک کروڑ روپے لے کر غائب یا ہوا اغوا؟ سعودی پلٹ والد نے پولیس سے رجوع کرلیا

اکلوتا بیٹا ایک کروڑ روپے لے کر غائب یا ہوا اغوا؟ سعودی پلٹ والد نے پولیس سے رجوع کرلیا

راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے میں ایک حیران کن اور پیچیدہ کیس سامنے آیا ہے جس میں ایک باپ نے اپنے اکلوتے بیٹے کی پراسرار گمشدگی پر اغوا کی ایف آئی آر درج کروائی ہے، تاہم معاملہ ممکنہ طور پر مالی دھوکہ دہی کا بھی رخ اختیار کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاوید اقبال نامی شخص، جو گزشتہ 45 سال سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ملازمت کر رہا تھا، حالیہ دنوں 5 سال بعد چھٹی پر پاکستان واپس آیا۔ واپس آتے ہی اسے معلوم ہوا کہ اس کا اکلوتا بیٹا عبداللہ خان سلفی، جو گھر پر موجود تھا، اچانک غائب ہو گیا ہے۔والد کے مطابق، عبداللہ نے کچھ عرصہ قبل بتایا تھا کہ وہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہا ہے اور اب وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا جانا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے اس نے اپنے والد سے تقریباً ایک کروڑ روپے پاکستان بھجوانے کی درخواست کی۔ جاوید اقبال نے اپنی ساری زندگی کی جمع پونجی اور کچھ قرض لے کر یہ رقم پاکستان بھیج دی۔جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اس نے بیٹے کو اپنی واپسی کی اطلاع دی، وہ رقم سمیت غائب ہو گیا۔ والد نے کئی دن اپنے طور پر تلاش کیا لیکن بیٹے کا کوئی سراغ نہ ملا، جس کے بعد انہوں نے تھانہ دھمیال میں بیٹے کے اغوا کی ایف آئی آر درج کروائی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ عبداللہ کو واقعی اغوا کیا گیا ہے یا وہ رقم لے کر خود ہی فرار ہو گیا ہے۔ نوجوان کے ملنے پر ہی معاملے کی نوعیت کا تعین ہو سکے گا۔پولیس مختلف زاویوں سے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ڈیٹا، اور بینک ٹرانزیکشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔