نیرج چوپڑا کے نام سے بین الاقوامی نیزہ بازی ایونٹ، ارشد ندیم کو شرکت کی دعوت

نیرج چوپڑا کے نام سے بین الاقوامی نیزہ بازی ایونٹ، ارشد ندیم کو شرکت کی دعوت

ویب ڈیسک – بھارت میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور عالمی شہرت یافتہ نیزہ باز نیرج چوپڑا کے اعزاز میں عالمی سطح کا ایک خصوصی نیزہ بازی ایونٹ منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا انعقاد مئی میں بنگلور کے سری کانتیراوا اسٹیڈیم میں کیا جائے گا۔

یہ ایونٹ جے ایس ڈبلیو اسپورٹس کے زیر اہتمام منعقد ہو گا اور دنیا بھر کے مایہ ناز ایتھلیٹس کو مدعو کیا گیا ہے۔ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان کے معروف جیولین تھروور ارشد ندیم کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ نیرج چوپڑا نے 21 اپریل کو میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا:"ہاں، میری ارشد ندیم سے بات ہوئی ہے۔ اُس نے کہا کہ وہ اپنے کوچ سے مشورہ کرے گا اور پھر فیصلہ کرے گا۔ فی الحال اس کی طرف سے کوئی حتمی جواب نہیں آیا۔"نیرج چوپڑا نے واضح کیا کہ یہ ایونٹ عالمی معیار کا ہوگا، جس میں صرف اُنہی کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جنہوں نے اپنی شرکت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہو۔ابتدائی طور پر اس ایونٹ کے لیے نیرج کے آبائی علاقے پنچکولا میں واقع تاؤ دیوی لال اسٹیڈیم کو منتخب کیا گیا تھا، تاہم سہولیات کی کمی کے باعث مقام تبدیل کر کے بنگلور منتقل کر دیا گیا۔

ایونٹ میں بھارت کے دیگر 3 سے 4 بہترین نیزہ باز بھی حصہ لیں گے، جن میں روہت یادو کا نام قابل ذکر ہے۔ یورپ اور دیگر خطوں سے بھی متعدد ایتھلیٹس نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔اگر ارشد ندیم اس ایونٹ میں شرکت کرتے ہیں تو یہ صرف ایک بڑا اسپورٹس مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں کھیلوں کی سفارتکاری (اسپورٹس ڈپلومیسی) کی ایک مثبت مثال بھی بنے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ سال پیرس اولمپکس میں نیرج چوپڑا نے 89.45 میٹر کی تھرو کی تھی، جبکہ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا ارشد ندیم ایونٹ میں شرکت کی حتمی منظوری دیں گے یا نہیں۔ ان کی شمولیت اس تاریخی ایونٹ کو مزید یادگار بنا سکتی ہے۔