لاہور: داتا دربار پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اغواء کے ایک مقدمے میں مطلوب تین لاپتہ طالبات کو بحفاظت تلاش کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدرسے سے تعلق رکھنے والی تین طالبات اپنی ایک سہیلی کے ہمراہ اچانک لاپتہ ہو گئی تھیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے انہیں مختلف مقامات پر تلاش کیا، مگر کامیابی نہ ملنے پر تھانہ رائیونڈ میں اغواء کا مقدمہ درج کروا دیا۔
مقدمہ درج ہوتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا، اور ایس ایچ او داتا دربار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور کوششوں کے بعد چند گھنٹوں میں تینوں بچیوں کو تلاش کر کے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق بازیاب ہونے والی طالبات کو مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکیاں اپنی مرضی سے نکلی تھیں تاہم معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے اس کامیاب کارروائی پر داتا دربار پولیس کی ٹیم کو شاباش دی اور ان کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ شہریوں نے بھی پولیس کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔مزید تفصیلات واقعے کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔