ڈپٹی وزیرِ اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار شریف پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر سیکرٹری اوقاف نے مزار شریف پر جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جب کہ اوقاف، نیسپاک اور مدینہ فاؤنڈیشن کے انجینئرز نے منصوبے کی تازہ ترین پیش رفت اور تکنیکی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ڈپٹی وزیرِ اعظم نے مزار شریف کی تزئین و آرائش کے لیے استعمال ہونے والے ماربل کی کوالٹی اور ڈیزائن کا حتمی انتخاب کیا۔ منصوبے کے مطابق، مرکزی گنبد کی ٹائلز کا رنگ سبز رکھا جائے گا، جبکہ مزار شریف کی زیارت گاہ کو سفید ماربل سے مزین کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ مزار کی دیواروں پر خطاطی، قرآنی آیات، احادیثِ مبارکہ اور کیلی گرافی کے خوبصورت نمونے کندہ کیے جا رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ مزار کی تعمیرِ نو کے بعد زائرین کے لیے گنجائش میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ داتا دربار تعمیراتی منصوبہ ایک عہد ساز اور تاریخی نوعیت کا حامل ہے، جو لاہور کی روحانی و ثقافتی شناخت کو مزید نکھارے گا۔