یہی روش رہی تو بات نہیں بنی گی، پھر شاید ہم اپنے ترجمانوں کو روک نہ سکیں،ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی(آئی این پی)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) سے تعلق رکھنے والے کچھ وزراء بیان بازی کر رہے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف اپنے لوگوں کو سمجھائیں، یہی روش رہی تو بات نہیں بنی گی۔کراچی میں پارٹی کے سینئر رہنما ناصر حسین شاہ اور عاجز دھامراہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متنازع کنالز پر پیپلز پارٹی کا واضح موقف رہا ہے، کوشش ہے کہ مسئلے کو حل کیا جائے، لوگوں کے جائز خدشات ہیں۔ نگراں حکومت کے دوران ارسا نے سرٹیفکیٹ جاری کیا اور کہا کہ کینالز بنائیں پانی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی سندھ کے نمائندے نے مخالفت کی تھی، جو لوگ کہتے ہیں پیپلز پارٹی بعد میں جاگی ہمارے پاس ریکارڈ موجود ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مخالفت کی۔ پیپلز پارٹی کا یہی موقف ہے کہ متنازعہ کینالز نہیں بنائے جائیں۔رانا ثناء اللہ سے کل اور آج بھی بات ہوئی، شہباز شریف پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں، لوگوں کے خدشات ختم کرنے چاہئیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ اکانوے کے معاہدے کے تحت بھی ہمیں ہانی نہیں مل رہا ہے۔ قانونی اور آئینی طور پر جو ہمارا پانی کا شیئر بنتا ہے وہ دے دیں۔