سندھ حکومت کے منصوبے معیشت میں بہتری لا رہے ہیں: شرجیل میمن

 سندھ حکومت کی اولین ترجیح ترقی کے عمل میں شفافیت، رفتار اور عوامی فائدے کو یقینی بنانا ہے
منصوبے علاقائی اور بین الصوبائی روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے:سینیئرصوبائی وزیر 
کراچی(آئی ا ین پی )صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و تعمیراتِ عامہ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبے صوبے کی معیشت اور عوام کی زندگیوں میں واضح بہتری کا سبب بن رہے ہیں۔اپنے ایک  بیان میں انہوں نے کہا کہ کوسٹل ہائی وے، روہڑی گڈو بیراج روڈ، مہران ہائی وے، ٹنڈو الہیار تا ٹنڈو آدم سڑک، اور سانگھڑ تا روہڑی شاہراہ صوبے کے اہم اور اسٹریٹجک نوعیت کے منصوبے ہیں جو معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں گے۔شرجیل  میمن نے مزید کہا کہ ہائی وے اور سڑکوں کی تعمیر کے یہ منصوبے علاقائی اور بین الصوبائی روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے، جس سے تجارت، زراعت، اور صنعتی شعبوں کو فروغ ملے گا۔