پولیس افسر کا قتل، بیوی گوگل سرچ ہسٹری سے پکڑی گئی

نئی دہلی (آئی این پی)بنگلورکرناٹک پولیس کے ریٹائرڈ ڈائریکٹر جنرل ڈی جی پی اوم پرکاش کے قتل کا معاملہ نیا رخ اختیار کر چکا ہے، جب کہ اس ہائی پروفائل کیس کی تحقیقات نے کئی چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق، مقتول کی بیوی پلاوی، جو اس کیس کی مرکزی ملزمہ قرار دی جا چکی ہیں، واردات سے قبل مسلسل پانچ دن تک گوگل پر یہ سرچ کرتی رہیں کہ گردن کے قریب خون کی رگیں کاٹنے سے موت کیسے واقع ہوتی ہے۔اوم پرکاش کو اتوار کی شام ان کے بنگلور میں واقع گھر پر چاقو کے وار سے قتل کیا گیا تھا۔ قتل سے قبل پلاوی نے مختلف واٹس ایپ گروپس میں پیغامات بھیجے، جن میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے ہی گھر میں یرغمال بنی ہوئی ہیں اور ان پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زہر دیے جانے اور بیٹی کی حفاظت سے متعلق گہرے خدشات کا اظہار بھی کیا۔بنگلور پولیس کمشنر بی دایانند نے اس ہائی پروفائل مقدمے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کا معاملہ مرکزی جرائم برانچ کے سپرد کر دیا ہے، جو آج سے باضابطہ طور پر تحقیقات کا آغاز کرے گی۔