کینال منصوبہ ہاتھ سے نکل گیا تو احتجاج کیلئے نکلیں گے(مرادعلی شاہ)آپ کو گنڈا پور سے مختلف ہونا چاہیےعظمی بخاری

ضمانت دیتا ہوں  کینالز نہیں بنیں گی، امید ہے وزیراعظم انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے، پرامن احتجاج کرنے والوں کو کبھی نہیں روکا، پنجاب کے کسان گندم نہ اگانے کا سوچ رہے ہیں :وزیراعلی سندھ
 مراد علی شاہ کو سندھ سے زیادہ پنجاب کے کسانوں کی فکرہے‘سندھ حکومت 16 سالہ کارکردگی دکھائے، ‘پنجاب کی ترقی اور خوشحالی دو  حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہو چکی :صوبائی وزیر اطلاعات
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے  کینال منصوبہ اگر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو پھر احتجاج  کے لیے نکلیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ سندھ کے عوام کے مفاد کے خلاف کوئی منصوبہ منظور نہیں کیا جائے گا اور وہ کینال منصوبے کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایک ایسا صوبہ ہے جو ہر مذہب، ہر ذات اور ہر برادری کو ساتھ لے کر چلتا ہے۔منصوبہ کسی نے بھی بنایا ہو، لیکن سندھ حکومت نے اسے منظور نہیں ہونے دیا۔  کینالز پر نہ ہونے کے برابر کام ہوا، وہ بھی جولائی میں۔ اگر یہ معاملہ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو ہم احتجاج کے لیے نکلیں گے۔۔ کسی کی نیت پر شک نہیں کر رہے لیکن کسی کے ہاتھوں میں بھی نہیں کھیل رہے۔ یہ اجتماعی مقصد ہے اور ہمیں کینال منصوبے کو روکنا ہے کیونکہ یہ ملک کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔ سندھ حکومت نے احتجاج کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ ہم اپوزیشن جماعتوں اور قوم پرست تنظیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ احتجاج ضرور کریں مگر عوام کو تکلیف نہ پہنچائیں، سڑکیں بند نہ کریں۔ میں ضمانت دیتا ہوں کہ یہ کینالز نہیں بنیں گی۔مراد علی شاہ نے کسانوں کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے فارمرز بھی اگلے سال گندم نہ اگانے کا سوچ رہے ہیں۔ چین میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار 60 سے 65 من ہے، ہمیں بھی ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔
دوسرا انٹرو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  پنجاب نے ایک سال میں  کسانوں کو تاریخی پیکیج دیا، سندھ 16 سالہ کارکردگی بتائے۔وزیراعلی سندھ سید مراد دعلی  شاہ کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے سوالات اٹھا دیے۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو سندھ کے کسانوں سے زیادہ پنجاب کے کسانوں کی فکر لاحق ہے۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کسانوں کی فکر کرنے کے لیے پنجاب کے وارث خود موجود ہیں۔ کیا سندھ میں کاشتکار نہیں؟ اور کیا سندھ حکومت نے گندم کی قیمت مقرر کی ہے؟ انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ کیا سندھ حکومت نے کسانوں سے گندم خرید لی ہے؟انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور ان کی جماعت گزشتہ 16 سالوں سے سندھ میں حکمران ہیں، اب انہیں اپنی کارکردگی بتانی چاہیے۔انہوں نے دعوی کیا کہ پنجاب میں اس سال ریکارڈ گندم کی پیداوار ہوئی ہے اور آئندہ سال اس سے بھی زیادہ پیداوار حاصل ہو گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی اب دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مراد علی شاہ سندھ کی مرکزی شاہراہ بند کرنے والے مظاہرین کی حمایت کر رہے ہیں۔ مراد علی شاہ کو گنڈا پور سے مختلف نظر آنا چاہیے۔