کراچی(آئی این پی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رکے گی تو پانی نکال دیں گے۔کراچی میں نرسری کے مقام پر میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہناتھا موسمی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پرمرتب ہو رہے ہیں، پچھلے ہفتے کے پی،گلگت میں بارشوں سے 400 افراد جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 12گھنٹوں میں200ملی میٹر یا اس سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، پوری انتظامیہ، بلدیاتی ادارے کا عملہ اور میں خود سڑکو ں پر ہیں، عوام کی مدد کر رہے ہیں، بارش کے پانی کی نکاسی کر رہے ہیں۔ آج ہم نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن لوگ پھربھی باہر نکلے ہوئے ہیں، لوگوں کو خود بھی خیال رکھنا چاہیے، تعطیل کا مطلب ہے گھروں پر رہیں۔وزیراعلی کا کہنا تھاکہ بارش ہوگی تو پانی جمع ہوگا، بارش رکے گی تو پانی نکال دیں گے، ہماری بھی کوتاہیاں ہوں گی لیکن حکومت کام کررہی ہے۔