پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاوہ مہمند، سوات، مردان، چارسدہ اور صوابی کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن بتایا گیا ہے۔زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں نے کچھ دیر تک جھٹکے محسوس کیے۔ زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
تاحال زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا بڑے پیمانے پر مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا زلزلوں کے حوالے سے حساس خطے میں واقع ہے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کرتی ہے۔