اسلام آباد، پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

اسلام آباد، پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

اسلام آباد، پشاور، بٹگرام، مانسہرہ، سوات، ایبٹ آباد اور خیبرپختونخوا کے دیگر متعدد علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

محکمہ زلزلہ پیما کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 215 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں واقع تھا۔باجوڑ اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات کی جانب نکل آئے۔ ریسکیو 1122 حکام کے مطابق تاحال کنٹرول روم کو کسی ہنگامی صورتحال یا نقصان سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، تخت بھائی، مہمند، ہنگو اور دیگر علاقوں میں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں زلزلے کے نسبتاً شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

لنڈی کوتل اور اس کے ملحقہ علاقوں شینواری، خیبر، شلمان اور بازار ذخہ خیل میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد متعدد افراد احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ محکمہ زلزلہ پیما کے حکام زلزلے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔