بھارت: گھر کے احاطے میں 91 سالہ خاتون پر بندر کا حملہ، اگلے روز انتقال

بھارت: گھر کے احاطے میں 91 سالہ خاتون پر بندر کا حملہ، اگلے روز انتقال

کوپل (کرناٹک): بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع کوپل میں گھر کے احاطے میں چہل قدمی کرنے والی 91 سالہ خاتون پر بندر نے اچانک حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر کر شدید زخمی ہوگئیں اور علاج کے دوران اگلے روز انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت نجم النساء بیگم کے نام سے ہوئی ہے، جو معروف مصنف ایم ایس ساودتی کی اہلیہ تھیں۔ واقعہ کوپل کے بی ٹی پاٹل نگر میں پیش آیا، جہاں نجم النساء اپنے گھر کے احاطے میں موجود تھیں کہ اچانک ایک بندر نے ان پر جھپٹ کر انہیں زمین پر گرا دیا۔واقعے کی مکمل منظرکشی گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون گھر کے باہر موجود تھیں کہ بندر اچانک ان کی جانب بڑھا اور انہیں گرا دیا۔ حملے کے بعد خاتون کی بیٹی مدد کے لیے فوری طور پر باہر پہنچی تو بندر نے مبینہ طور پر اس کی جانب بھی حملہ کیا۔واقعے کے بعد نجم النساء بیگم کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر ان کی حالت میں بہتری کے آثار ظاہر ہوئے، تاہم بعد میں طبیعت بگڑ گئی اور وہ علاج کے دوران اگلے روز دم توڑ گئیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق زمین پر گرنے کے نتیجے میں انہیں سر پر چوٹ بھی آئی تھی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد اسے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا۔ فوٹیج میں حملے کی اچانک نوعیت واضح ہوتی ہے، جس کے باعث خاتون کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کے مختلف علاقوں میں بندروں کے حملوں اور ان سے بچنے کی کوشش کے دوران بزرگ شہریوں کے زخمی یا جاں بحق ہونے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق رواں ماہ اتر پردیش کے علی گڑھ میں ایک 55 سالہ خاتون بندروں سے بچنے کی کوشش کے دوران چھت سے گر کر جاں بحق ہوئی تھیں۔ اسی طرح ہماچل پردیش کے شملہ میں بھی ایک خاتون بندر کے حملے کے بعد چھت سے گرنے کے نتیجے میں جان سے گئی تھیں۔کرناٹک کے کوپل میں پیش آنے والے واقعے نے ایک مرتبہ پھر رہائشی علاقوں میں بندروں کی موجودگی اور ان کے ممکنہ حملوں کے حوالے سے شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کو اجاگر کردیا ہے۔