200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال ہونے کی صورت میں اسی ماہ اضافی ریٹ وصول کرنے کی تجویز
اسلام آباد (آن لائن) وزارتِ توانائی نے بجلی کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو بڑا ریلیف دینے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاور ڈویڑن نے موجودہ 'پروٹیکٹڈ' فارمولے پر نظرثانی کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت صارفین کو کڑے ضوابط اور اضافی مالی بوجھ سے نجات دلائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ فارمولے کے تحت اگر کوئی پروٹیکٹڈ صارف سال میں صرف ایک بار بھی 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کر لے، تو اس کی پروٹیکٹڈ کیٹگری فوراً ختم کر دی جاتی ہے اور اسے اگلے پانچ ماہ تک کم یونٹس استعمال کرنے پر بھی اضافی نرخ ادا کرنا پڑتے ہیں۔ وزارتِ توانائی کو موصول ہونے والی تجاویز کے مطابق اب 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال ہونے کی صورت میں اسی ماہ اضافی ریٹ وصول کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے تاکہ صارفین کو طویل عرصے تک پنالٹی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔