پاورشیئرنگ فارمولے کے تحت معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہورہا: کائرہ

حکومت ہمارے ووٹوں پر کھڑی ہے، ہمارے ایشوحل نہیں ہورہے،کوشش ہے تلخی کے بغیر معاملہ حل ہوجائے 

 لاہور (آئی این پی )پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت بنی تو پاورشیئرنگ فارمولے کے تحت معاہدہ ہوا تھا جس پر عملدرآمد نہیں ہورہا، حکومت ہمارے ووٹوں پر کھڑی ہے، ہمارے ایشوحل نہیں ہورہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا اسٹرکچر ایسا نہیں کہ قیادت پر کوئی ناجائز دبا ئوڈالے گی، جب حکومت بنی تو ہم نے سی ای سی کی اجازت سے ن لیگ کے ساتھ پاور شیئرنگ کا فارمولا بنایا، اس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے، ہمارے تحفظات دور نہیں ہورہے۔پیپلزپارٹی کے کارکن قیادت سے سوال کرتے ہیں کہ معاہدے پر عملدرآمد کیوں نہیں ہورہا؟ہم حکو مت کے اتحادی ہیں لیکن حکومت کا حصہ نہیں ہیں، حکومت ہمارے ووٹوں پر کھڑی ہے، ہمارے ایشوحل نہیں ہورہے جو کہ طے شدہ ہیں۔ملک بحرانوں کا شکار ہے، پیپلزپارٹی کوئی نیا ایشو کھڑا نہیں کرنا چاہتی۔ کوشش ہے تلخی کے بغیر معاملہ حل ہوجائے۔ مولانا فضل الرحمان کا شکوہ درست ہے، بلاول بھٹو نے مولانا سے ملاقات میں کہا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔