امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر روس نے مزید جارحیت کی تو وہ پولینڈ اور بالٹک ریاستوں کا بھرپور دفاع کریں گے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب روسی جنگی طیاروں نے ایسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔عالمی میڈیا کے مطابق، روس کے تین MiG-31 طیاروں نے خلیج فن لینڈ کے اوپر ایسٹونیا کی فضائی حدود میں دراندازی کی، جس پر نیٹو اور یورپی یونین نے شدید احتجاج کیا۔ ماسکو نے اس خلاف ورزی سے انکار کیا ہے۔ایسٹونیا نے اس واقعے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ اس دوران، اطالوی ایف-35 طیارے نیٹو کے فضائی دفاعی مشن کے تحت سویڈن اور فن لینڈ کے طیاروں کے ساتھ فضا میں بھیجے گئے تاکہ روسی جہازوں کو روکا جا سکے۔
ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا: "جی ہاں، میں پولینڈ اور بالٹک ممالک کا دفاع کروں گا۔ ہمیں یہ صورتحال بالکل پسند نہیں۔" یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چند دن قبل روسی ڈرونز نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔