خیبرپختونخوا حکومت نے غیر قانونی کان کنی کے خلاف ضلع کرک میں 60 روز کی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس پابندی کے تحت ضلع بھر میں سونے کی تلاش اور نکالنے سمیت ہر قسم کی غیر قانونی کان کنی پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اقدام عوام کے جان و مال کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی بہتری اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پابندی کے دوران کسی فرد یا ادارے کو کان کنی کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں مشینری، گاڑیاں اور دیگر اوزار ضبط کیے جائیں گے، جبکہ قانون کے مطابق دفعہ 188 کے تحت جرمانہ، قید یا دونوں سزائیں بھی ہو سکتی ہیں۔
حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی کان کنی نہ صرف قدرتی ماحول کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اس سے امن و امان میں بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں اور سمگلنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔