ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے عالمی برادری کو اسرائیل پر سخت پابندیاں عائد کرنی ہوں گی۔
عرب میڈیا کے مطابق ریاض منصور نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کو قابو میں رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا: "اب بہت ظلم ہوچکا ہے، کیا ہم آنے والے دنوں اور ہفتوں میں مزید حیوانیت دیکھیں؟ بس بہت ہوچکا ہے۔"فلسطینی سفیر نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ فلسطینی اپنی قانونی حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، جو دو ریاستی حل کے تحت انہیں حاصل ہیں اور یہ اب ایک حقیقت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل پر ہر ممکن دباؤ بڑھایا جائے تاکہ مزید مظالم کو روکا جا سکے۔