توشہ خانہ 2 ٹرائل کا حتمی مرحلہ: عمران خان کے سابق ملٹری سیکریٹریز کے بیانات قلمبند

توشہ خانہ 2 ٹرائل کا حتمی مرحلہ: عمران خان کے سابق ملٹری سیکریٹریز کے بیانات قلمبند

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کا اڈیالہ میں جیل میں جاری ٹرائل حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

مقدمے میں سابق وزیر اعظم کے ملٹری سیکریٹری بریگیڈیر ریٹائرڈ محمد احمد اور ڈپٹی ملٹری سیکریٹری کرنل ریحان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔ وکلاء نے دونوں گواہان کے بیانات پر جَرح بھی مکمل کرلی۔اب تک مقدمے میں مجموعی طور پر 18 گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے اور جرح بھی مکمل ہو چکی ہے۔ سماعت کو 18 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے، اور استغاثہ کے گواہ نیب افسر محسن ہارون کو کل بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، اور بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں بھی کمرہ عدالت میں موجود رہیں۔ملزمان کی جانب سے ارشد تبریز، قوسین فیصل مفتی، ظہیر چوہدری، عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور عمیر مجید ملک عدالت میں موجود تھے۔