اسلام آباد میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے راولپنڈی کے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا سوشل میڈیا رضاکاروں کے ذریعے چلتا ہے اور اسے مکمل کنٹرول نہیں کیا جا سکتا۔
صحافی کے سوال پر کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا کون چلاتا ہے اور ریاست کے خلاف جو چیزیں چلتی ہیں ان کی پارٹی ذمہ دار ہے یا نہیں، گوہر علی خان نے وضاحت کی کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی فیصلے کرتی ہے اور خان صاحب کی رہنمائی بھی اس میں شامل ہوتی ہے۔ پارٹی کے فیصلوں پر سوشل میڈیا ٹیم کو بریفنگ دی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا پاکستان کے خلاف کوئی ایجنڈا نہیں ہے اور پارٹی ہمیشہ جمہوریت، آئین پر عمل، آزاد عدلیہ اور قومی یکجہتی کی بات کرتی ہے۔ گوہر علی خان نے کہا کہ ملک اور فوج دونوں پارٹی کے لیے اہم ہیں اور پاکستان کے خلاف کسی بات کا سوچنا بھی ناممکن ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب بھی پاکستان کے لیے کال آئے گی، وہ اور پارٹی کے کارکن اس پر عمل کریں گے اور کھڑے ہوں گے۔