بھارت کے ہاتھوں ایک اور شکست پر پاکستانی شائقین میں مایوسی کی لہر ، بھارتی ٹیم سپورٹس مین سپرٹ بھول گئی

ایشیا کپ سپر فور بھارت نے پھر پاکستان کو ہرا دیا 
ٹاس کے وقت انڈین کپتان اور میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں نے مدمقابل پاکستانیوں سے ہاتھ نہ ملا یا ،صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچری گرین شرٹس کے 172 رنزکا ٹارگٹ بھارتی ٹیم نے ہدف 4 وکٹوں پر پورا کرلیا ، ابھیشیک شرما کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا 
دبئی(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کی طرف سے ملے 172 رنز کے ہدف کو7 گیندوں قبل حاصل کر لیا، یہ ایونٹ میں پاکستان کی بھارت سے مسلسل دوسری شکست ہے۔ میچ کے ٹاس کے لیے بھارتی کپتان سوریا کماریا دیو اور پاکستانی کپتان سلمان علی آغا میدان میں اترے ، بھارتی کپتان نے پہلیمیچ کی طرح پھر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ٹاس کے بعد روایتی طور پر ہاتھ نہیں ملایا، میچ ریفری کے فرائض اینڈی پائی کرافٹ نے ہی انجام دئیے جبکہ میچ کے بعد بھی بھارتی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا،جس پر کرکٹ ماہرین اور سابق کرکٹرز نے بھی تنقید کی اور اسے سپورٹس مین سپرٹ کی خلاف ورزی قرار دیا ،ماہرین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں سیاست کو لانا کھیل کے اصولوں کے منافی ہے۔میچ کے دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کو آؤٹ دئیے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھنے لگے۔ فخر زمان کو آؤٹ دینے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور صارفین نے فیصلے کو متنازعہ قرار دے دیا۔ہردک پانڈیا کی گیند پر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ فیلڈ امپائرز نے تھرڈ امپائر کو بھیجا، ایکشن ری پلے دیکھنے پر یہ واضح نظر آیا کہ گیند زمین پر لگنے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھ میں آئی تاہم تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا۔تھرڈ امپائر کے اس فیصلے پر فخر زمان نے بھی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے قدرے سخت رویے کا اظہار کیا اور ڈریسنگ روم کی طرف چل دئیے جبکہ کمنٹیٹرز بھی اس فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے رہے۔۔پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے 3 چھکے اور 5 چوکے لگائے، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 171 رنز سکور بورڈ پر سجائے دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب اور محمد نواز 21، 21، فخر زمان 15 اور حسین طلعت 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سلمان علی آغا 17 اور فہیم اشرف 20 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔بھارت کے شیوم دوبے نے 2، ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ہے جبکہ محمد نواز رن آئوٹ ہوئے۔ہدف کے تعاقب میں شبمن گل نے 47 رنز بنائے، سوریا کمار یادیو بغیر کوئی رنز بنائے حارث رؤف کا شکار بن گئے۔ ابھیشیک شرما نے 39 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔بھارت کی چوتھی اور میچ کی آخری وکٹ سنجو سیمسن کی گری، جو 13 رنز بنا کر حارث رئوف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔حارث رئوف نے 2، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، میچ میں عمدہ پرفارمنس پر ابھیشیک شرما کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔