محسن نقوی بھارتی ٹیم کا ٹرافی لینے سے انکار
حارث رئوف کی ناقص بائولنگ ، پاکستان نے ایشیاکپ جیتنے کا سنہری موقع کھودیا بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے تاخیرسے شروع ہونیوالی اختتامی تقریب فاتح ٹیم کو ٹرافی د یئے بغیر ختم ،قومی ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بنا سکی بھارتی نے ہدف آخری اوور میں حاصل کیا ،تلک ورما میچ ،ابھیشک شرما سیریزکے بہترین کھلاڑی قرار
دبئی (سپورٹس ڈیسک ) حارث رئوف کی ناقص بائولنگ کے باعث پاکستان نے ایشیاکپ جیتنے کا سنہری موقع کھودیا اور بھارت سے مسلسل تیسری شکست کاسامناکرناپڑا جبکہ بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اختتامی تقریب تاخیرکاشکار ہوئی اوربھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی نہ لی، بھارتی ٹیم کھڑی انتظار کرتی رہ گئی ،تقریب فاتح ٹیم کو ٹرافی د یئے بغیر ہی ختم ہوگئی اور انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے بتایا کہ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بھارتی ٹیم کو ٹرافی ملنے کا امکان نہیں ہے۔میچ سے قبل بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو ٹرافی کے ساتھ پوزنگ کیلئے نہ آئے، جس پر پاکستا نی کپتان سلمان علی آغا نے اکیلے ہی ٹرافی کے ساتھ تصویر بنوائی۔ بھارتی ٹیم مینجمنٹ نے مئوقف اختیار کیا کہ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹرافی شوٹ کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی سٹیڈیم میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر نویں بار ایشیا کپ 2025 اپنے نام کیا۔بھارت نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 147 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیندپر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تلک ورما 69 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔بھارت کی جانب سے اوپنر بیٹر ابھیشک شرما 5 اور شبمن گل 10 رنز بنا کر فاسٹ بائولر فہیم اشرف کا شکار بنے، کپتان سوریا کمار یادو کو ایک رن پر شاہین شاہ آفریدی نے آئوٹ کیا جبکہ سنجو سیمسن کیچ ڈراپ ہونے کے باوجود 24 رنز پر ابرار احمد کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے، شیوَم دوبے نے 33 رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے حارث رئوف سب سے مہنگے بالرثابت ہوئے اورانہوں نے 3.4اوورزمیں 50رنزدیئے۔قبل ازیں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستان کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 57 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکے جن میں سے 3 کھلاڑی بغیر کھاتے کھولے پویلین لوٹے۔صاحبزادہ فرحان بھارتی بالر جسپریت بمراہ کو ٹی 20 میں 3 چھکے لگانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں،انہوں نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف 3 میچوں میں بمراہ کو 3 چھکے لگا ئے۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کا دوسرا نقصان صائم ایوب کی صورت میں ہوا جب وہ 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ نئے آنے والے بلے باز محمد حارث بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔اوپنر بیٹر فخر زمان 35 گیندوں پر 46 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے، ، حسین طلعت ایک رن جبکہ کپتان سلمان علی آغا 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔فہیم اشرف اور شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، حارث رئوف 6 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے جبکہ محمد نواز 9 گیندوں پر 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، وارون چکراورتی اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔بھارتی بیٹرتلک ورمامین آف دی میچ اورابھیشک شرمامین آف دی سیریزقرارپائے۔ادھر پاکستانی کپتان سلمان علی نے میڈیا سے گفتگو میں اعتراف کیا کہ بھارت کے خلاف میچ کے آخری اوورز میں اچھا نہیں کھیل سکے۔ بطور ٹیم اچھا کھیلے اور انہیں اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ آئندہ مضبوط طریقے سے کم بیک کر ینگے۔انہوں نے میچ کے بعد ہونے والی تقریب میں رنرز اپ ٹیم کا چیک وصول کیا۔