اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ(ق)نے آج پاک ،سعودی عرب معاہدے پر یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔جماعت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان غلام مصطفی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ قومی امنگوں کا ترجمان ہے ،اس اہم سنگ میل پر کل قوم سے اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ایک بیان میں مصطفی ملک نے کہا کہ پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے اس اہم دفاعی معاہدے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے، وہ ہمیشہ پاک ،سعودیہ گرم جوش تعلقات کے لیے سرگرم رہتے ہیں،پاکستان کو ارض حرمین الشریفین کی سکیورٹی سعادت کی بات ہے ،ہماری جماعت سمجھتی ہے کہ بنیان المرصوص کے بعد پاکستان کا بہترین تشخص اقوم عالم کے سامنے ابھرا ہے، وزیراعظم، آرمی چیف کی مشترکہ کوششوں ،دفاعی اداروں ، پارلیمان اور قوم کی بے مثال یکجہتی نے ہمیں یہ خوشی اور عظیم دن دیکھنا نصیب کیا ۔ مصطفی ملک نے کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی سے پاکستان اقوام عالم کی آنکھوں کا تارا بن گیا ہے،سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان بھی پاکستان سے خصوصی محبت رکھتے ہیں، سعودی حکومت اور عوام کی محبت ہمارا اثاثہ ہے ۔