لاہور (خصوصی رپورٹ)چیئر مین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر جمعہ19ستمبر کو یوم تشکر و دعا منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں کیتھڈرل چرچ میں بشپ آزاد مارشل و دیگر اقلیتی رہنما ئوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔طاہر محمود اشرفی نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان کو حرمین شریفین کی سکیورٹی کی سعادت ملی ہے،اس حوالے سے دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی قومی سلامتی کو بڑھانے،خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان کو مبارک ہو کہ وہ ارض حرمین شریفین کا دفاع کریگی۔