والڈ سٹی اتھارٹی نے اندرون لاہور کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے بڑا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت فصیل کے ساتھ قائم دکانیں اور مارکیٹس انڈرگراؤنڈ منتقل کی جائیں گی۔
اس مقصد کے لیے اب تک 4 ہزار سے زائد دکانوں اور 4 پولیس اسٹیشنز کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے دکانوں کا آڈٹ شروع کر دیا ہے، جس میں رقبہ، سہولیات اور سیفٹی معیار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انڈرگراؤنڈ مارکیٹس کے لیے بجلی، پانی اور ایمرجنسی سسٹمز کا جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔
تاجروں سے مشاورت جاری ہے جبکہ انہیں متبادل جگہ یا معاوضہ دینے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ حکام کے مطابق انڈرگراؤنڈ مارکیٹس کو جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد تاریخی عمارات کا تحفظ اور اندرون شہر کے حسن کی بحالی ہے۔