والڈ سٹی اتھارٹی کے تین اہم منصوبوں کی بحالی کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے لیے پی اینڈ ڈی کے چیئرمین نے اجلاس طلب کرلیا۔
ان منصوبوں میں مغلیہ دور کی تاریخی دیوار کی بحالی، شالامار باغ کا تحفظ اور اکبری منڈی کی بحالی شامل ہیں۔چیئرمین پی اینڈ ڈی کی ہدایت پر ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ والڈ سٹی کی 12 دروازوں میں سے ٹوٹی پھوٹی حالت میں موجود مغلیہ دور کی تاریخی دیوار کو مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شالامار باغ کی بحالی اور تحفظ کے منصوبے کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ اس کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھا جا سکے۔اجلاس میں اکبری منڈی کی بحالی کے لیے بھی منظوری دی جائے گی، جس کے تحت دہلی گیٹ سے اکبری منڈی تک کے راستے کو بحال اور وسیع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اکبری منڈی کی پرانی دکانوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا، تاکہ اس تاریخی علاقے کی شناخت اور ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔پی اینڈ ڈی بورڈ کی طرف سے ان منصوبوں کی منظوری کے بعد ان پر کام شروع کر دیا جائے گا، جس سے نہ صرف شہر کی تاریخی حیثیت کو تحفظ ملے گا بلکہ سیاحتی طور پر بھی یہ علاقے مزید اہمیت اختیار کریں گے۔