چارلی کرک کی بیوہ ایریکا کرک کا قاتل کو معاف کرنے کا اعلان

چارلی کرک کی بیوہ ایریکا کرک کا قاتل کو معاف کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور قدامت پسند نوجوان تحریک ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے بانی چارلی کرک کے قتل کے بعد ان کی یاد میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہم سیاسی شخصیات شریک ہوئیں۔

تقریب میں ان کی اہلیہ ایریکا کرک نے سب کو حیران کر دیا جب انہوں نے اپنے شوہر کے قاتل کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔ ایریکا کا کہنا تھا کہ وہ انتقام نہیں بلکہ معافی پر یقین رکھتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ نفرت کے بجائے محبت اور برداشت کا پیغام عام ہو۔اسی موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چارلی کرک کو ’’امریکی آزادی کا شہید‘‘ قرار دیا۔ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں لبرلز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گروہ جو تشدد کو ہوا دیتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کرک کی قربانی کو امریکی اقدار اور نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔تقریب میں نائب صدر جے ڈی وینس، سینیٹر مارکو روبیو، ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس ٹلسی گیبارڈ سمیت کئی اعلیٰ حکومتی و سیاسی رہنما شریک تھے۔

واضح رہے کہ 31 سالہ چارلی کرک کو 10 ستمبر کو یوٹا یونیورسٹی میں ایک مباحثے کے دوران گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ملزم ٹائلر رابنسن پر قتل کا مقدمہ درج ہے اور استغاثہ نے اس کے لیے سزائے موت کی استدعا کر رکھی ہے۔چارلی کرک امریکا میں قدامت پسند سیاست کے ابھرتے ہوئے رہنما تھے۔ ان کی تنظیم "ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے" کی شاخیں 3,300 سے زائد تعلیمی اداروں میں قائم ہیں، جبکہ صرف 2024 میں اس کی آمدنی 85 ملین ڈالر رہی۔