اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم جمہوری ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں، آئیں مل کر ملک کو بربادی سے نکالیں۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کی دو روزہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں، ہم معاف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن، نواز شریف اور جماعتِ اسلامی سمیت تمام سیاسی قائدین بیٹھ کر بات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات تو فیملی اور قائدین کا حق ہے، یہ حق دیا جانا چاہیے۔ آئیں پاکستان کو اس بحران سے نکالیں، ہم جمہوری ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں۔اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم سمجھ رہے تھے بانی کی رہائی کے لیے آئین اور قانون کے تحت راستہ نکل آئے گا، لیکن جب اس طرح کے فیصلے ہوتے ہیں تو عوام میں مایوسی پھیلتی ہے۔پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے بھی مفاہمت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئیں مل بیٹھیں، آپ اپنی اصلاح کریں، ہم اپنی اصلاح کرتے ہیں، آج سے نئی شروعات کریں تاکہ آگے بڑھا جا سکے۔