کراچی: اینکر پرسن امتیاز میر پر فائرنگ، حالت تشویشناک

کراچی: اینکر پرسن امتیاز میر پر فائرنگ، حالت تشویشناک

 سینئر اینکر امتیاز میر پر کراچی کے علاقے ملیر کالا بورڈ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر دی۔

 اچانک ہونے والے اس حملے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق، امتیاز میر کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پر ڈال دیا۔ ان کی حالت کو انتہائی تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ فائرنگ کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے۔

دوسری جانب، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر داخلہ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ:میڈیا ورکرز اور صحافیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے محرکات سامنے لائے جائیں۔ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صحافتی برادری نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔