تحقیق: بیٹا بلاکرز دوا خواتین کے لیے دل کے دورے کے بعد نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے

تحقیق: بیٹا بلاکرز دوا خواتین کے لیے دل کے دورے کے بعد نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے

ویب ڈیسک: برطانیہ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دل کے دورے کے بعد خواتین کو بیٹا بلاکرز دوا دینا بعض صورتوں میں انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

بیٹا بلاکرز عام طور پر ہارٹ اٹیک کے بعد استعمال کی جانے والی اہم دواؤں میں شامل ہیں، لیکن نئی تحقیق میں ان خواتین کے لیے اس کے مضر اثرات سامنے آئے ہیں جن کے دل کا پمپنگ فنکشن برقرار ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق ایسے مریضوں میں بیٹا بلاکرز دینے سے دوبارہ ہارٹ اٹیک، ہارٹ فیل اور حتیٰ کہ موت کے امکانات تین گنا تک بڑھ سکتے ہیں، کیونکہ یہ دوا دل کی دھڑکن کو سست کرنے اور بلڈ پریشر کو کم کرنے کے باعث دل اور خون کی نالیوں پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔یہ نتائج معروف طبی جریدوں نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن اور یورپی ہارٹ جرنل میں شائع ہوئے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر مریض کے دل کا لیفٹ وینٹریکولر ایجیکشن فریکشن کم نہ ہو تو بیٹا بلاکرز کا استعمال نقصان دہ بلکہ بعض خواتین کے لیے مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔

تحقیق میں 1,627 خواتین کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ بیٹا بلاکرز استعمال کرنے والی خواتین میں دل سے متعلق اموات کا خطرہ ان خواتین کی نسبت 45 فیصد زیادہ تھا جو یہ دوا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔یہ نتائج ایک بڑے کلینیکل ٹرائل "ری بوٹ" کے تحت سامنے آئے، جس میں اسپین اور اٹلی کے 109 اسپتالوں کے 8,500 مریض شامل تھے۔ ماہرین کے مطابق وہ مرد و خواتین جن کے دل کی کارکردگی 50 فیصد یا اس سے زیادہ ہو، بیٹا بلاکرز کے استعمال سے انہیں کوئی طبی فائدہ نہیں ملا۔