وزیراعظم شہباز شریف نے ادویات کی اصلیت جانچنے کے لیے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ادویات کی اصلیت جانچنے کے لیے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ادویات کی اصلیت، قیمت اور دستیابی کی تصدیق کے لیے وزارتِ قومی صحت کی جانب سے تیار کردہ ڈیجیٹل ایپلی کیشن ’’محفوظ دوا‘‘ کا باقاعدہ اجرا کردیا۔

 وزیراعظم نے تقریب کے دوران ایپ کے ذریعے دوا کا پیکٹ اسکین کرکے اس کی اصلیت کی تصدیق بھی کی۔ادویات کی ٹریکنگ اور جعلی و غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محفوظ دوا ایپلی کیشن پاکستان میں طبی سہولیات کے فروغ اور عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کی جانب ایک اہم اور شاندار اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہری ادویات کی اصلیت اور سرکاری قیمت معلوم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دستیابی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرسکیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد جعلی ادویات کی روک تھام اور ادویات کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

ماضی میں جعلی ادویات سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں

وزیراعظم نے ماضی میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پیش آنے والے ادویات کے المناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2010-11 میں ادویات کے استعمال سے متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین مختلف لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے تھے، جہاں سے تصدیق ہوئی کہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات دل کی بیماری کے بجائے ملیریا کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی تھیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق اور نگرانی کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آئی۔ ایسے واقعات سے سبق سیکھتے ہوئے عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

محفوظ دوا ایپ سے شہریوں کو کیا سہولت ملے گی؟

وزیراعظم کے مطابق محفوظ دوا ایپ کے ذریعے شہری دوا کا پیکٹ اسکین کرکے اس کی اصلیت کی تصدیق کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ دوا کی سرکاری قیمت اور مارکیٹ میں دستیابی سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جاسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق ہوں اور ہر شہری کو سستی و معیاری ادویات میسر آسکیں۔

وزیر صحت اور ڈریپ حکام کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے محفوظ دوا ایپلی کیشن کی تیاری پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے منصوبے میں تعاون کرنے والی وزارتوں، متعلقہ اداروں اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے وزارتِ اطلاعات کو ہدایت کی کہ اس منصوبے سے متعلق آگاہی کا پیغام عوام تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

صحت کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہیں، وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر شہری کو یکساں طور پر دستیاب ہونی چاہئیں۔ قائداعظم کے وژن کے مطابق تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سب کو برابر مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے عوام کو سستی، معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں۔