غزہ : اسرائیلی فوج کے حملے91 فلسطینی شہید، ساڑھے 4 لاکھ جبری بیدخل

غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ایتھنز میں فلسطین مارچ، مظاہین کا  اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ
غزہ،ایتھنز،میڈرڈ ،ٹوکیو(آئی این پی )اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں حملوں میں تیزی آگئی، مزید 91 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ شہر سے ساڑھے 4 لاکھ فلسطینی جبری بیدخل کردئیے گئے ۔ عرب  میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بم باری کی جس میں بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید ہوئے، غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں صبح سے اب تک شہدا کی تعداد 91 سے زائد ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق چند روز میں غزہ شہر سے ساڑھے 4 لاکھ فلسطینی جبری بیدخل کر دئیے گئے۔ ادھر غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں فلسطین حمایت مارچ کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطین حمایت مارچ میں شریک سیکڑوں مظاہرین نے یونانی حکومت سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔