کوشش ہے ہم اپنے کسان کو مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد مہیا کریں :اجلاس میں گفتگو
اقبال منزل جسر بائی پاس نارووال میں محفلِ میلاد کا انعقاد‘وفاقی وزیر احسن اقبال بھی شریک ہوئے
نورکوٹ (نامہ نگار)۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری کی زیر صدارت اجلاس میںسیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کی بحالی کے مختلف پروگرامز بارے گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ضلع نارووال میں سیلاب نے وسیع رقبے پر کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا ہے،جس کی وجہ ہے ہمارا کسان مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے کسان کو مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد مہیا کریں تاکہ وہ مختلف فصلوں کی بہترین ورائیٹیز کاشت کرکے زیادہ منافع کمانے کے قابل ہو سکیں۔اس موقع پر فور برادرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چئیرمین ڈاکٹر جاوید قریشی بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جو فصلیں کم ترین اخراجات کی بابت کاشت کرکے خوب منافع کمایا جاسکتا ہے کینولا ان فصلوں میں بہترین فصل ہے۔ اس فصل کو کم خرچ کے عوض سیلاب سے متاثرہ زمینوں میں اسی وتر پر کاشت کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے اس موقع پر نارووال کے سیلاب متاثرین کیلئے 500ایکٹر میں کاشت کیلئے کینولا کا بیج فری مہیا کرنے کا اعلان بھی کیا‘دریں اثناء اقبال منزل جسر بائی پاس نارووال میں محفلِ میلاد مصطفیٰ عقیدت و احترام سے منعقد کی گئی۔تقریب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، امین بیت المال خواجہ وسیم بٹ، احمد اقبال، رکن صوبائی اسمبلی رمیش سنگھ اروڑا، ڈپٹی کمشنر نارووال، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نارووال سمیت معزز شخصیات اور شہر بھر سے عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی