پنجاب میں، 42 لاکھ متاثر، 15 لاکھ ایکڑ فصلیں تباہ ہوئیں:مریم اورنگزیب

 وزیراعلیٰ کی براہ راست نگرانی میں صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی ریسکیو اور ریلیف مہم جاری ہے  
 لاہور (زیڈ این این) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے صوبے میں جاری سیلابی صورتحال کے حوالے سے تشویشناک اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 4,155 دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، 22 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے اور 56 افراد جاں بحق ہو چکے ہیںانہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی براہ راست نگرانی میں صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی ریسکیو اور ریلیف مہم جاری ہے، جس کے تحت 23 اگست سے 7 ستمبر 2025 تک 22 لاکھ سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔وزیر نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے مجموعی طور پر 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 15 لاکھ ایکڑ زرعی رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ دریائے چناب سے 1,957، دریائے راوی سے 1,477، دریائے ستلج سے 625 اور دریائے سندھ سے 96 دیہات متاثر ہوئے، جہاں 2 لاکھ 44 ہزار 404 افراد براہ راست سیلاب کی لپیٹ میں آئے۔بحران پر قابو پانے کے لیے 494 میڈیکل کیمپس اور 413 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جو دن رات کام کر رہے ہیں، جبکہ 500 سے زائد ویٹرنری میڈیکل کیمپس بھی مویشیوں کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مچھر مار اسپرے جاری ہے، موبائل فیلڈ اسپتالوں کے ذریعے خوراک، صاف پانی، انسولین اور دیگر ضروری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک ہزار سے زائد موبائل ہیلتھ یونٹس، جن میں ''کلینک آن ویلز'' اور ماں و بچے کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص وینز شامل ہیں، متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے مختلف سرکاری اداروں بشمول ہاؤسنگ، میونسپل کارپوریشنز، واسا اور مقامی حکومتوں کی مربوط کوششوں کو سراہا جنہوں نے پنجاب بھر میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو مؤثر انداز میں مکمل کیا۔