2023-24 کے دوران کچے میں آپریشن سے 88شرپسند ہلاک ، 59زخمی ہوئے، صوبائی وزیر پارلیمانی امو ر
لاہور(آئی این پی ) پنجاب کے وزیر برائے پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ سال 2023-24میں ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔ایک بیان میں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ سال 2023-24کے دوران کچے میں آپریشن سے 88شرپسند ہلاک اور 59زخمی ہوئے جب کہ کچے کے علاقے سے 253مجرمان کو گرفتار کیاگیا۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ 2023-24کے دوران کچے کے آپریشن میں مجموعی طور پر 27سکیورٹی اہلکار شہیداور36اہلکار و افسران زخمی ہوئے جب کہ 23دہشتگرد مارے گئے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سال 2023-24میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 29فیصدکمی آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جس نے 9مئی کے روز ریاست پر حملہ کیا اس کو حساب اور جواب دینا پڑے گا، گنڈا پور کے گارڈز نے جو گولیاں چلائیں اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔