چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں ‘ دونوں ممالک عوامی سطح پر بھی روابط کو مزید مضبوط کریں گے:صدر مملکت
مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے،عالمی برادری پاکستان کو مسائل کے حل کا شریکِ کار تسلیم کرتی ہے:عالمی یوم امن پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری چین کے ایک ہفتہ طویل دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ صدر نے اپنے دورے کے دوران چین کے اہم شہروں چنگدو، شنگھائی، اْرومچی اور کاشغر کا دورہ کیا اور وہاں کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں پاک–چین تعلقات، سی پیک کے جاری منصوبے اور مستقبل کی راہداریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔صدر اور چینی حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت میں علاقائی امن، ترقی اور تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے کئی ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورے کو پاک–چین اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کی تجدید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں اور دونوں ممالک عوامی سطح پر بھی روابط کو مزید مضبوط کریں گے۔دریں اثناء صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسائل حل کیے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے۔عالمی یومِ امن پر پیغام جاری کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ امن محض جنگ نہ ہونے کا نہیں، انصاف و مساوات کے فروغ کا دن ہے، پاکستان عالمی و علاقائی امن میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان کے دنیا کی متحارب قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں اور عالمی برادری پاکستان کو مسائل کے حل کا شریکِ کار تسلیم کرتی ہے۔