سعودی عرب فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا:وزیرخارجہ

 سعودی عرب بدستور خطے اور دنیا میں منصفانہ امن کے قیام کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہا ہے:دہ فیصل بن فرحان
ریاض (آئی این پی )سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے  ان کا ملک فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے اوروہاں جاری پرتشدد   کو روکنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔پاکستانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کا مسئلہ سعودی عرب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہر بین الاقوامی فورم پر مملکت اس پر اپنا موقف  بھرپور انداز میں پیش کرتی ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گا جس کا آغاز آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے ہوگا اور جس کا مقصد خطے میں جامع اور پائیدار امن قائم کرنا ہے۔سعودی پریس ایجنسی واس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال سعودی عرب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلی سطح کے  اجلاس میں امن اور انصاف کا پیغام لے کر شریک ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا  کہ مملکت نے اپنے بانی شاہ عبدالعزیز کے دور سے لے کر آج تک اور موجودہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ہمیشہ امن کے قیام، مکالمے کو فروغ دینے اور پرامن حل تلاش کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔